اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او راشد ہدایت کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد طیب، سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر، صدر بار ایسوسی ایشن اصغر خان، صدر انجمن تاجران شیخ ریاض سمیت مختلف مسالک کے علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال، رمضان المبارک، جمعۃ الوداع اور عید الفطر کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ اسلام محبت اور امن کا درس دیتا ہے، ناموس رسالت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ امن عامہ کو برقرار رکھنے کے لیے ہر مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دہشت گردی اور فرقہ واریت کی روک تھام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ ایک پرامن شہر ہے اور کسی بھی انتشار کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا۔

ڈی پی او راشد ہدایت نے کہا کہ امن و امان کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کسی کو شر انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انتشار کی سرکوبی کے لیے اداروں کے ساتھ ساتھ علماء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران بھی اپنا کردار ادا کریں۔

اجلاس کے اختتام پر دہشت گردی سے نبردآزما قومی سلامتی کے اداروں، پاک فوج اور ملکی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Shares: