اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر) دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر اوکاڑہ میں سیلاب متاثرین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ نے اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز کے ہمراہ فلڈ ریلیف کیمپ، بنگلہ گوگیرہ کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران، ممبر صوبائی اسمبلی اور اسسٹنٹ کمشنر نے خیمہ بستی میں مقیم افراد سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کیمپ میں قائم ایجوکیشن کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا اور سیلاب متاثرین کے بچوں کی تعلیم کا جائزہ لیا۔

چوہدری غلام رضا ربیرہ نے متاثرین میں راشن بھی تقسیم کیا، جس پر لوگوں نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپس میں انتظامیہ کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ متاثرین کی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو رہائش، خوراک، اور راشن کی فراہمی جاری رکھی جائے۔ اس کے علاوہ، متاثرین کے جانوروں کے لیے چارے کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں راشن گھروں کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے۔

Shares: