اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر): سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر اوکاڑہ میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کی زیر نگرانی سنٹرل اسٹیشن ریسکیو 1122 اوکاڑہ میں پری فلڈ (ڈرائی) موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔

موک ایکسرسائز کے دوران ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور لائف سٹاک نے فلڈ فائیٹنگ آلات اور ضروری ادویات کے حوالے سے اپنے سٹالز لگائے۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی/ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر احتشام نے سنٹرل اسٹیشن پہنچنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کو تمام میڈیکل، فائر فائٹنگ اور فلڈ فائٹنگ سٹالز کا معائنہ کروایا۔ ریسکیو اہلکاروں نے اپنے سٹالز پر پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سیلابی ایمرجنسی کے دوران استعمال ہونے والے جدید آلات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر احتشام نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا معائنہ کرواتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کو ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیٹا سسٹم (EMDS) کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اوکاڑہ اور ڈائریکٹر (آپریشنز) پی ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں، فلڈ فائیٹنگ آلات کی مینٹیننس اور ان کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ ضلعی اداروں کے درمیان باہمی رابطے کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ کسی بھی ناگہانی سیلابی صورتحال میں عوام الناس کی بروقت اور پیشہ ورانہ انداز میں مدد کی جا سکے۔

Shares: