اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر) محرم الحرام کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی جانب سے ایمرجنسی تیاریوں کا جامع جائزہ اجلاس ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی زیر صدارت سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام تحصیل انچارجز نے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں میں محرم الحرام کے دوران کیے جانے والے حفاظتی و انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں 5 سے 10 محرم، خصوصاً یومِ عاشورہ کے موقع پر ریسکیو عملہ ہائی الرٹ پر ہوگا۔ اس سلسلے میں 200 سے زائد ریسکیو اہلکاروں کو ایمرجنسی ڈیوٹیوں پر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 13 سے زائد ریسکیو پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ یہ پوسٹیں مجالس اور جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن ہو۔ اس کے علاوہ موٹر بائیک ایمبولینس پوسٹیں بھی قائم کی گئی ہیں تاکہ گنجان راستوں اور ہجوم میں بروقت امدادی کارروائی کی جا سکے۔

ریسکیو پوسٹوں پر ایمبولینسز، فائر وہیکلز، اور تربیت یافتہ ریسکیو اسٹاف چوبیس گھنٹے موجود رہے گا۔ کنٹرول روم انچارج کی نگرانی میں انسپیکشن ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو تمام ریسکیو پوسٹوں کا معائنہ کریں گی اور ہنگامی تیاریوں کو چیک کریں گی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

Shares: