اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)یومِ عاشورہ کے موقع پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے ضلع بھر میں 27 ماتمی جلوسوں اور 14 مجالس کو میڈیکل کور فراہم کرتے ہوئے مجموعی طور پر 686 عزاداران کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی زیرِ نگرانی اس ریسکیو آپریشن میں 680 عزاداروں کو موقع پر ہی طبی امداد دی گئی، جبکہ 6 عزاداروں کو حالت کی نزاکت کے پیش نظر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، تحصیل اوکاڑہ میں 13 جلوسوں اور 5 مجالس کے دوران 232 عزاداروں کو طبی امداد دی گئی، جن میں سے 4 کو بعد ازاں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تحصیل دیپالپور میں 8 جلوسوں اور 5 مجالس میں 279 افراد کو فوری طبی امداد مہیا کی گئی، جبکہ ایک عزادار کو ہسپتال لے جایا گیا۔ تحصیل رینالہ خورد میں 6 جلوسوں اور 4 مجالس کے دوران 169 افراد کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں اور ایک شخص کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو آپریشن میں 20 ایمبولینسز، 57 موٹر بائیکس، 5 فائر وہیکلز، 329 سے زائد ریسکیورز اور 100 سے زائد تربیت یافتہ رضاکاروں نے حصہ لیا۔ ریسکیو ٹیموں نے ہر جلوس اور مجلس میں ایمبولینسز اور میڈیکل سٹاف کے ذریعے بروقت خدمات فراہم کیں۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز) کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں تمام جلوسوں اور مجالس کو مکمل ایمرجنسی کوریج دی گئی۔ بہترین انتظامات اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام نے تمام ریسکیورز کو خصوصی شاباش دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

Shares: