اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ریسکیو 1122 اوکاڑہ کا ماہانہ کارکردگی اجلاس ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی زیر صدارت سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی ایمرجنسیز، طبی امداد، آتشزدگی، روڈ حادثات اور دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق جون 2025 میں ریسکیو 1122 کو کل 28 ہزار 638 کالز موصول ہوئیں جن میں 5 ہزار 965 ایمرجنسی کالز تھیں۔ موصول شدہ کالز میں بڑی تعداد غیر متعلقہ، ڈسٹربنگ اور معلوماتی نوعیت کی رہی، جن میں 13 ہزار 541 ڈسٹربنگ، 5 ہزار 90 معلوماتی، 26 رونگ، اور 31 جعلی کالز شامل تھیں۔
رپورٹ کے مطابق 5 ہزار 965 ایمرجنسیز میں سے 1261 روڈ ٹریفک حادثات، 3908 میڈیکل کیسز، 72 آتشزدگی کے واقعات، 167 جرائم سے متعلق کیسز، ایک ڈوبنے کا واقعہ اور دیگر 556 متفرق حادثات شامل تھے۔ ٹریفک حادثات میں 1553 افراد متاثر ہوئے جن میں 20 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 832 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ 701 کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
آگ لگنے کے 72 واقعات میں سے 2 کمرشل، 6 رہائشی اور 64 دیگر علاقوں میں پیش آئے۔ ان میں شارٹ سرکٹ، گیس لیکج، کچن فائر، فائر ورکس اور لاپرواہی کو اہم وجوہات قرار دیا گیا۔ ان حادثات میں بروقت کارروائی کے ذریعے 54 ملین روپے سے زائد مالیت کی پراپرٹی کو نقصان سے محفوظ بنایا گیا۔
ریسکیو موٹر بائیک سروس نے 3528 ایمرجنسیز پر 5.14 منٹ کے اوسط ریسپانس ٹائم سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3665 افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ پیشنٹ ریفرل سسٹم کے تحت 117 مریضوں کو ڈی ایچ کیو اوکاڑہ جبکہ 156 مریضوں کو دیگر اضلاع کے بڑے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا عملہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے چوبیس گھنٹے مستعد اور فرض شناس انداز میں خدمات انجام دے رہا ہے۔