اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر): سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی اوکاڑہ کے ایک نجی کالج میں سول ڈیفنس ریزیلینس کور میں شمولیت اور فائر فائٹنگ کے حفاظتی اقدامات سے متعلق ایک جامع آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔ اس سیشن کا بنیادی مقصد طلباء کو ہنگامی حالات کے دوران خود حفاظتی، فوری ردِعمل اور قومی سطح پر ریزیلینس کور میں رضاکارانہ خدمات کی اہمیت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔
سیشن میں سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے ریزیلینس کور کے اغراض و مقاصد، اس کے تربیتی عمل اور رضاکارانہ خدمات کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے شرکاء کو ہنگامی حالات سے نمٹنے، خاص طور پر آگ لگنے کی صورت میں فوری ردِعمل کی اہمیت پر زور دیا۔
آفیسر کھچی نے فائر فائٹنگ آلات کے درست استعمال، کسی بھی حادثے کی صورت میں محفوظ انخلاء کے طریقہ کار اور ابتدائی حفاظتی اقدامات کے حوالے سے طلباء کو عملی رہنمائی فراہم کی۔ طلباء کو اس بات کی ترغیب دی گئی کہ وہ نہ صرف اپنی بلکہ اپنے اردگرد کے ماحول کی حفاظت کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔
آگاہی سیشن کے اختتام پر، فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ کالج انتظامیہ نے سول ڈیفنس کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مضبوط کرنے اور مستقبل میں بھی اس طرح کی تربیتی سرگرمیوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔








