اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان کی زیرِ صدارت انسدادِ سموگ مہم سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد عبدالقیوم، سیکرٹری ڈی آر ڈی اے اقصیٰ ریاض، انڈسٹریز، ٹریفک پولیس اور دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی، انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں کارروائیوں اور آگاہی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سموگ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

اجلاس میں بھٹہ مالکان کی نگرانی، کھلی جگہوں پر کچرا اور فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام، دھوئیں خارج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن اور صنعتی یونٹس کی انسپکشن مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سموگ کے تمام عوامل کا سدباب کیا جائے، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس پیش کی جائیں اور عوام کو مؤثر آگاہی فراہم کی جائے۔

Shares: