اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ چوہدری رب نواز نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کر کے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس، چرچ روڈ، سی بلاک، میونسپل کمیٹی روڈ، گول چوک اور اس سے ملحقہ بازاروں، صمد پورہ اور فیصل آباد روڈ سمیت اہم مقامات پر صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے گول چوک سے ملحقہ علاقوں میں نالیوں کی صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے سینٹری ورکرز کو ہدایات جاری کیں کہ تمام علاقوں کی فوری اور مکمل کلیرنس کو یقینی بنایا جائے۔ میونسپل کمیٹی روڈ پر واٹر فلٹریشن پلانٹ کی فعالیت چیک کی گئی اور عوامی سہولت کے پیش نظر پلانٹ آپریٹر کا نمبر نمایاں مقام پر آویزاں کرنے کا حکم دیا گیا۔

صمد پورہ میں انہوں نے گھروں سے سالڈ ویسٹ کی کلیکشن کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے مقامی شہریوں سے صفائی انتظامات پر فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔ اس موقع پر چوہدری رب نواز نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ان کی خود نگرانی بھی جاری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صفائی عملے سے بھرپور تعاون کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکے۔

Shares: