اوکاڑہ(باغی ٹی وی،نامہ نگار) حلقہ پی پی 190 کے دیہی علاقوں کی سڑکیں شدید ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حالی کا شکار ہیں، جس پر شہریوں نے فوری مرمت اور تعمیر نو کا مطالبہ کیا ہے۔ آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کے رہنما اور سماجی کارکن ملک ظفر اقبال نے ایک بیان میں کہا کہ ان سڑکوں کی حالت اب اتنی خراب ہو چکی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ملک ظفر اقبال نے بتایا کہ 22 فور ایل تا 31 فور ایل کوڑی روڈ گزشتہ 25 سال سے زبوں حالی کا شکار ہے۔ اس سڑک پر جگہ جگہ گڑھے اور ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے سفر کرنا مشکل ہو چکا ہے اور حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
اسی طرح 31 فور ایل تا شاہبھور طبروق روڈ جو کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہوا تھا، اب مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے خستہ حالی کا شکار ہے۔ سڑک کے کناروں پر حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث یہ ٹوٹ رہی ہے، جس کے نتیجے میں کئی چھوٹے بڑے حادثات ہو چکے ہیں۔
ملک ظفر اقبال نے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور کمشنر ساہیوال سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان سڑکوں کی بروقت مرمت اور تعمیر نو نہ کی گئی تو یہ مکمل طور پر ناقابل استعمال ہو جائیں گی، جس سے پورے علاقے کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ عوامی مشکلات کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔