اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)آر پی او ساہیوال محبوب رشید کی جانب سے ضلع اوکاڑہ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں ڈی پی او راشد ہدایت، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور پولیس افسران شریک ہوئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق آر پی او محبوب رشید نے ایک ہی روز میں دو مختلف مقامات پر کھلی کچہریاں لگائیں — پہلی کھلی کچہری اظہر ریزیڈنس، علاقہ تھانہ بی ڈویژن میں اور دوسری عجوہ پیلس، علاقہ تھانہ طیب سعید شہید میں منعقد ہوئی۔
کچہریوں میں خواتین اور مردوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جہاں شہریوں نے اپنے مسائل براہِ راست آر پی او کے سامنے پیش کیے۔ آر پی او نے بیشتر شکایات کے فوری قانونی حل کے احکامات جاری کیے۔
آر پی او محبوب رشید نے اس موقع پر کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ وہ بلا جھجک آر پی او آفس میں بھی اپنے مسائل پیش کر سکتے ہیں، جہاں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس عوامی خدمت کے عزم پر قائم ہے اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔








