اوکاڑہ (نامہ نگار): سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب، خالد نذیر وٹو، نے ضلع اوکاڑہ کا دورہ کیا اور تعلیمی اداروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں (ADP schemes) پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے سی ای او ایجوکیشن کے دفتر میں ساہیوال ڈویژن کے اضلاع اوکاڑہ، ساہیوال اور پاکپتن کے چیف ایگزیکٹو افسران (CEOs) کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ایڈوائزر مزمل احمد اور سپیشل ایڈوائزر ایجوکیشن شکیل احمد بھٹی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن اوکاڑہ محمد یوسف کاہلوں، سی ای او ایجوکیشن ساہیوال تنویر احمد غزالی اور سی ای او ایجوکیشن پاکپتن شازیہ رفیق نے مالی سال 2025-26 کے لیے سکولوں میں جاری ترقیاتی سکیموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا سکولوں کی ترقی کے لیے فنڈز فراہم کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اجلاس کے بعد سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے مختلف سکولوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے گورنمنٹ سی ایم آر ہائی سکول، گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی سکول اوکاڑہ اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 1/4 ایل میں عمارتوں کی تعمیر اور مرمت کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سکول کونسلز کو ہدایت جاری کیں کہ ترقیاتی کاموں میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کو بہترین انداز میں مکمل کیا جا سکے۔