اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت کی ہدایت پر ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 33 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں، جن کا مقصد امن و امان کی فضا کو یقینی بنانا ہے، خصوصاً محرم الحرام کے پیشِ نظر۔
کارروائی کے دوران گوگیرہ پولیس نے ڈکیت گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا، جب کہ 4 خطرناک اشتہاری ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 پستول، ایک رائفل اور 15 گولیاں برآمد کی گئیں۔
منشیات کے خلاف کارروائی میں سٹی دیپالپور پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کی، جہاں ایک منشیات فروش سے 2 کلو 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ شراب فروشی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 76 لیٹر شراب قبضے میں لے لی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جوا کھیلنے میں ملوث 11 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، جبکہ عارضی قیام گاہ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
ڈی پی او راشد ہدایت کا کہنا ہے کہ یہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے اور جرائم پیشہ عناصر کا مکمل طور پر قلع قمع کیا جا سکے۔