اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)کچے کے ڈاکوؤں نے بزرگ شہری کو اغواء کر کرلیا،بہیمانہ تشدد ،مغوی کی ویڈیو بنا کر تاوان کا مطالبہ

تفصیل کے مطابق حویلی لکھا کے علاقے میں کچے کے ڈاکوؤں کی ظلم و بربریت کی ایک نئی داستان سامنے آئی ہے۔ ان ڈاکوؤں نے نہ صرف ایک بزرگ شہری لیاقت علی کو اغوا کیا بلکہ انہیں برہنہ کر کے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ اس دوران ڈاکوؤں نے مغوی کی ویڈیو بنا کر ان کے ورثاء کو بھیجی اور ایک کروڑ روپے کے تاوان کا مطالبہ کیا۔

یہ واقعہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر چکا ہے۔ مغوی کے بھانجے کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم اب تک مغوی کی بازیابی نہیں ہو سکی۔ علاقے کے لوگ اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ورثاء نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے فوری نوٹس لینے اور مغوی کی جلد از جلد بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ علاقے کے لوگ چاہتے ہیں کہ پولیس اس معاملے میں فوری اور مؤثر کارروائی کرکے ڈاکوؤں کو گرفتار کرے تاکہ علاقے میں امن و امان بحال ہو سکے۔

Shares: