اوکاڑہ(باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک ظفر) گورنمنٹ گریجوایٹ کالج میں سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں معاشرے کی اہم شخصیات، اساتذہ، طلبہ، اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چوہدری ریاض الحق ایم این اے اور میاں محمد منیر ایم پی اے تھے، جبکہ چوہدری فیاض ظفر اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

کانفرنس میں مختلف علماء اور ماہرین نے "اخلاقِ نبوی اور عصرِ حاضر”، "حقوقِ رسالت” اور "ہماری ذمہ داریاں” جیسے اہم موضوعات پر تفصیل سے گفتگو کی۔ مقررین میں ڈاکٹر عبدالماجد کشمیری اور پروفیسر ڈاکٹر مفتی عبدالباسط خان شامل تھے۔

پرنسپل پروفیسر عبدالروف نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کا پیغام نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کے لیے ایک رہنما اصول ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس کانفرنس کا مقصد نوجوان نسل میں تعلیمات نبوی ﷺ کا شعور اجاگر کرنا اور ان تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانا ہے۔

میاں محمد منیر ایم پی اے نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات میں موجود ہے، اور نوجوانوں کو اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ وہ معاشرتی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

مقررین نے اتحاد بین المسلمین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ کے عملی پہلو ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں، جنہیں اپنانے سے ہم اپنی زندگیوں کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

اختتام پر دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کے لیے مزید ایسے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔

Shares: