اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے علاقے 7 فور ایل میں دو سگے بھائیوں نے فائرنگ کرکے اپنے سوتیلے باپ کو قتل کر دیا۔ مقتول محمد بشیر نے ملزمان کی والدہ سے پسند کی شادی کی تھی جس کا دونوں بھائیوں کو رنج تھا۔ واردات پر ڈی پی او راشد ہدایت نے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔
ایف آئی آر کے مطابق 37 سالہ بشیر کو اس کے سوتیلے بیٹوں عمران اور وسیم نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور مقتول کے کزن خوشی محمد کی درخواست پر مقدمہ نمبر 470/25 درج کر لیا گیا۔
پولیس نے مرکزی ملزم کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیا جبکہ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔









