اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع اوکاڑہ میں چینی کی عوام تک سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ریل بازار میں مختلف کریانہ شاپس کا دورہ کیا اور چینی کے نرخوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز، مسلم لیگی رہنما چوہدری فیاض ظفر، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید اور انجمن کریانہ ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ضلع بھر میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے اور 173 روپے فی کلو سرکاری نرخ پر چینی عوام کو مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کریانہ شاپس کے مالکان کو تنبیہ کی کہ چینی کی فروخت نوٹیفائیڈ ریٹس پر ہی کی جائے، کسی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا اوور چارجنگ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نہ صرف شہری علاقوں بلکہ گاؤں دیہات کی سطح پر بھی روزانہ کی بنیاد پر چینی کی دستیابی اور قیمتوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ مہنگی چینی فروخت کرنے والوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند ہے۔
انجمن کریانہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی کی طلب اور رسد کو متوازن رکھنے کے لیے موثر پالیسی اپنائی گئی ہے، جس سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق اوکاڑہ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ان کی ٹیم چینی کی وافر فراہمی اور نرخوں کے کنٹرول کے لیے مؤثر طریقے سے کام کر رہی ہے، جبکہ ضلع بھر کے کریانہ اسٹورز اور مارٹس پر چینی کی مسلسل سپلائی بھی جاری ہے۔