اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز کی زیر نگرانی سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ محکمہ ریونیو، اربن یونٹ اور محکمہ زراعت کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں متاثرہ موضع جات میں جا کر فیلڈ ورک کر رہی ہیں تاکہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا درست ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے موضع جندراکہ کے مختلف دیہات کا دورہ کیا اور موقع پر ٹیموں کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سروے کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ریونیو ریکارڈ کے مطابق درست اور مستند ڈیٹا تیار کیا جائے اور یہ امر یقینی بنایا جائے کہ تیار ہونے والا ڈیٹا ہر قسم کی غلطیوں سے پاک ہو۔

چوہدری رب نواز نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کے حوالے سے سروے میں میرٹ اور شفافیت کو ہر حال میں ملحوظ خاطر رکھا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی یا ناانصافی نہ ہو۔

Shares: