اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارملک ظفر): تھانہ چوچک کی حدود ڈھاری وٹواں سے دس روز قبل اغواء کی گئی تین نابالغ بچیوں کو پولیس نے ایک کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کرا لیا ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم بابر سہیل کو گرفتار کر کے قانون کے شکنجے میں کس لیا ہے۔

پولیس کے مطابق، اغواء ہونے والی بچیوں میں سحر فاطمہ، نور بانو اور سدرہ یوسف شامل تھیں۔ ان کے لواحقین نے تھانہ چوچک میں مقدمہ درج کرایا تھا جس کے بعد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بچیوں کو تلاش کرنے کی مہم شروع کی۔

پولیس نے شب و روز محنت کرکے مرکزی ملزم بابر سہیل کو گرفتار کر لیا اور اس سے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مار رہی ہے۔

ڈی پی او اوکاڑہ نے پولیس تھانہ چوچک کی اس کامیابی کو سراہا ہے اور انہوں نے پولیس اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔ دوسری جانب، بچیوں کے لواحقین نے پولیس کو ڈھیروں دعائیں دیں اور ملزمان کو سخت سزا دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش کے بعد بچیوں کے اغواء کے اصل حقائق سامنے آئیں گے۔

Shares: