اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر) اوکاڑہ کے نواحی علاقے 36 جوڑے روڈ پر افسوسناک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مٹی سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کا ٹائر اچانک برسٹ ہو گیا جس کے باعث وہ بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔

حادثہ چک نمبر 6 سے چک 9 فارم والا کے قریب پیش آیا، جہاں ٹرالی پر سوار 25 سالہ نوجوان شاہد ولد اسلم سکنہ چک نمبر 11 فور ایل، ٹرالی کے نیچے دب گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور نوجوان کو بیہوشی کی حالت میں ٹرالی کے نیچے سے نکالا۔

ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ہی نوجوان کو سی پی آر دینے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ حادثے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی مکمل کی، جس کے بعد متوفی کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور بوسیدہ ٹائر کے باعث پیش آیا۔ علاقہ مکینوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ پرانی اور خراب ٹرالیوں کی فٹنس کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔

Shares: