اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ و تمغہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی نگرانی میں پاک لائف سیور پروگرام کے تحت ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تربیتی مشقیں جاری ہیں۔ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منعقد کی جانے والی ان مشقوں میں طلبہ و طالبات کو محفوظ انخلا، اسمبلی ایریا تک بروقت پہنچنے اور ایمرجنسی ردعمل سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

تربیت کے دوران شرکاء کو خون بہنے کی صورت میں ابتدائی طبی امداد، ہڈی ٹوٹنے کی حالت میں فوری طبی مدد، آگ لگنے پر اسے بجھانے کے طریقے، اور ساتھیوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ ریسکیو اہلکار عملی مظاہروں کے ذریعے طلبہ کو مختلف ایمرجنسی صورتحال میں درست ردعمل اپنانے کی تربیت بھی دے رہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال خود بھی مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ تربیتی مشقوں کا جائزہ لیتے ہوئے طلبہ سے سوالات کرتے اور ان کی مہارتوں کو پرکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ طلبہ کو یہ معلوم ہونا ضروری ہے کہ کسی بھی ہنگامی حالت میں کس طرح اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

مزید برآں، سی ٹی ڈی اور پولیس کے تعاون سے پانچ مختلف تعلیمی اداروں میں فرضی مشقیں بھی کی گئیں جن میں ریسکیو 1122 نے دہشت گردی کے واقعے کے بعد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔

Shares: