اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) یومِ شہداء پولیس کے سلسلے میں اوکاڑہ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ان بہادر سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے ملکی سلامتی اور عوامی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
تقریب میں ممبرانِ صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، چوہدری جاوید علاؤالدین، ریجنل پولیس آفیسر (RPO) محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) راشد ہدایت اور شہداء کے اہلِ خانہ سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران اور معززین شہر کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا:”پولیس کے وہ جانباز جنہوں نے عوامی تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، وہ ہمارے قومی ہیروز ہیں۔ ان کا خون قوم پر قرض ہے، اور ہم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی فیملیز ہمارے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہیں، اور ان کے مسائل کے حل کے لیے محکمہ پولیس سمیت تمام ادارے ہمہ وقت ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی اور پنجاب پولیس کے شہداء کے اہل خانہ کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔ یہ تقریب نہ صرف شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ذریعہ بنی بلکہ ان کے ورثا سے اظہارِ یکجہتی کا مضبوط پیغام بھی دیا گیا۔