اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)سابق صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع اوکاڑہ اور معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر افتخار امجد نے کہا ہے کہ دو روز قبل ہونے والے المناک ٹریفک حادثے میں محمد ندیم اور اس کے تین بچوں کی ہلاکت نے ضلع بھر کی فضاء کو سوگوار کر دیا ہے۔ شہری حدود میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات ضلعی پولیس اور ٹریفک حکام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکے ہیں۔

صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر افتخار امجد نے کہا کہ اوکاڑہ شہر میں ہیوی ٹریفک کی بلا روک ٹوک آمد و رفت انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے، جس کے سدباب کے لیے فوری اور موثر اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ٹریفک پولیس افسر سے مطالبہ کیا کہ شہری اور تعلیمی اداروں کی حدود میں ہیوی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی جائے، اور ان گاڑیوں کے لیے کوئی مخصوص وقت مقرر کیا جائے تاکہ ایسے اندوہناک حادثات سے بچا جا سکے۔

ڈاکٹر افتخار امجد نے زور دیا کہ ٹریفک کے بگڑتے ہوئے نظام کو قابو میں لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، جیسے اسپیڈ کیمرے، مانیٹرنگ سسٹمز، اور خودکار چالاننگ کا استعمال کیا جائے تاکہ تیز رفتاری، بے ہنگم ڈرائیونگ اور غلط اوور ٹیکنگ جیسے عوامل پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس سنگین مسئلے پر سنجیدگی سے توجہ دے، تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے محمد ندیم اور ان کے بچوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

Shares: