اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)لاہور میں ایک افسوسناک مگر بہادری سے بھرپور واقعہ پیش آیا جہاں دو ریسکیو 1122 اہلکار، فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کے درجے پر فائز ہوگئے۔ واقعہ 10 جولائی کو پیش آیا، جو نہ صرف لاہور بلکہ ریسکیو 1122 کے لیے ایک غمناک اور فخر سے لبریز دن بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جہاں پلاسٹک کا دانہ ذخیرہ کیا گیا تھا۔ ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے بروقت ریسپانس دیتے ہوئے جانفشانی سے آگ پر قابو پایا۔ تاہم آگ بجھانے کے بعد جب کولنگ کا عمل جاری تھا، اچانک عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا، جس کے نتیجے میں چار اہلکار ملبے تلے دب گئے۔

ان میں سے دو بہادر اہلکار فائر فائٹر سید ناظم حسین اور میڈیکل ٹیکنیشن شعیب جانبر نہ ہو سکے اور جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ دو دیگر اہلکار شدید زخمی حالت میں نکال لیے گئے۔ ریسکیو 1122 کے ان ہیروز نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر خدمت، فرض شناسی اور قربانی کی ایسی روشن مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اوکاڑہ احتشام واہلہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ریسکیو 1122 کے یہ شہداء ہمارے وہ سچے ہیرو ہیں جنہوں نے دوسروں کی جان و مال بچانے کے لیے اپنی زندگی قربان کر دی۔ ضلع اوکاڑہ کے تمام ریسکیورز اپنے ان عظیم ساتھیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے بہادری، قربانی اور انسانیت کی مثال قائم کر دی۔”

یہ المناک واقعہ نہ صرف ریسکیو 1122 کی بے مثال قربانیوں کو اجاگر کرتا ہے بلکہ اس امر کی بھی گواہی دیتا ہے کہ قوم کے یہ محافظ اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ہر لمحہ عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

Shares: