اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار، ملک ظفر) اوکاڑہ یونیورسٹی کے دوسرے کانووکیشن کی شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ جات کے 10,654 طلباء و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان تھے، جنہوں نے فارغ التحصیل طلباء میں ڈگریاں تقسیم کیں اور ان کی علمی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
"اوکاڑہ یونیورسٹی ایک نئی درسگاہ ہونے کے باوجود بہت تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر سجاد مبین کی قیادت میں یہ ادارہ نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر مقام حاصل کرے گا۔”
انہوں نے اساتذہ، انتظامیہ اور طلباء کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ چانسلر آفس آئندہ بھی یونیورسٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ گورنر پنجاب نے نوجوانوں کو محنت، دیانت اور کردار سازی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ:
"پاکستان کی نوجوان نسل باصلاحیت ہے، ہمیں ان کی اخلاقی و علمی تربیت پر بھرپور توجہ دینی چاہیے تاکہ وہ دنیا بھر میں ملک و ملت کا نام روشن کریں۔”
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کہا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی کا یہ دن ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا:
"ہماری یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق، اخلاقیات اور قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دے رہی ہے۔ ہماری ٹیم کی انتھک محنت سے ادارے کی ساکھ مستحکم ہوئی ہے۔”
کانووکیشن میں سابق اراکینِ قومی اسمبلی میاں علی حسن، سجاد الحسن، سماجی رہنما رائے غلام مجتبیٰ، رانا عبد الرحمن ایڈووکیٹ، شبیر حسین جعفری، سلیمان غنی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جن کی نگرانی ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت اور ایس پی انویسٹیگیشن ملک داؤد احمد خان نے کی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ انداز میں تقریب کو پرامن اور منظم بنایا۔