اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ فیصل آباد روڈ پر افسوسناک حادثے میں سوزوکی بولان وین ٹریکٹر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ینگ پور کے قریب تیز رفتاری اور لاپرواہ ڈرائیونگ کے باعث پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی شخص کو جائے حادثہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی نعشیں بھی مقامی پولیس کی نگرانی میں ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کی گئیں۔
زخمی کی شناخت آصف ولد محمد رفیق، عمر 30 سال، سکنہ حجرہ شاہ مقیم کے طور پر ہوئی ہے۔ جاں بحق افراد میں اللہ رکھا ولد صادق (32 سال)، عامر ولد اسلم (28 سال) اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں، جو کہ حجرہ شاہ مقیم کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔








