اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے سموگ کی روک تھام اور ٹریفک کی بہتری کے لیے سٹیشن مینیجر وکس (Vic’s) کے ساتھ اجلاس کیا۔ اجلاس میں محکمہ ماحولیات اور ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی اور گاڑیوں کی فٹنس اور ٹریفک کے نظام پر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے کہا کہ بغیر فٹنس سرٹیفیکیشن والی گاڑیاں دھواں خارج کر کے سموگ میں اضافے کا باعث بنتی ہیں، اور ایسی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف وہی گاڑیاں سڑکوں پر چل سکیں گی جو وکس مراکز سے باقاعدہ معائنہ شدہ اور فٹنس سرٹیفیکیٹ یافتہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وی آئی سی مراکز میں گاڑیوں کے معائنے کے عمل کو شفاف اور تیز بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ وی آئی سی حکام نے یقین دلایا کہ غیر معیاری یا ناکارہ گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفیکیٹ ہرگز جاری نہیں کیا جائے گا۔

سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت فٹنس کروائیں تاکہ سموگ میں کمی آئے، سڑکوں پر حادثات کم ہوں اور ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔

Shares: