اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کے ہمراہ دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ماڑی پتن کے مقام پر دریا میں نچلے درجے کی سیلابی کیفیت کا معائنہ کیا اور ڈرون کیمرہ کی مدد سے دریائی علاقے کی مانیٹرنگ بھی کی۔

بعد ازاں کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپ بنگلہ گوگیرہ کا دورہ کیا، جہاں سیلاب متاثرین کو دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے فضائل مدثر، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز سمیت متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔

کمشنر ساہیوال نے کیمپ میں ہیلتھ کاؤنٹر پر طبی سہولیات اور ایجوکیشن کاؤنٹر میں متاثرہ بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو رہائش، کھانے پینے سمیت تمام سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ تمام محکموں کے اہلکار بڑھ چڑھ کر متاثرین کی خدمت میں حصہ لیں اور متاثرہ جانوروں کے لیے طبی سہولیات اور چارے کی وافر مقدار فراہم کی جائے تاکہ کسی قسم کی کمی محسوس نہ ہو۔

Shares: