اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ کے نواحی قصبہ سومیاں بھولو میں واپڈا اہلکاروں کے مبینہ تشدد سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ جیو نیوز کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب واپڈا اہلکار ظفر اقبال نامی شخص سے بجلی کا بل لینے کے لیے اس کے گھر پہنچے اور بل کی عدم ادائیگی پر میٹر اتارنے لگے۔
پولیس کی درج ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ انور بی بی نے اہلکاروں کو میٹر اتارنے سے روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے مبینہ طور پر خاتون پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کے شوہر کی مدعیت میں واپڈا کے پانچ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔