اوکاڑہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہِ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر دنیا بھر کی طرح اوکاڑہ میں بھی 04 مئی فائر فائٹرز کا عالمی دن بھرپور انداز سے منایا گیا۔

اس سلسلہ میں ریسکیو 1122 اوکاڑہ نے شہر میں خصوصی مارچ پاسٹ کیا جس میں ریسکیو ایمبولینس اور فائر وہیکلز کے ساتھ ریسکیورز نے شرکت کی۔ جبکہ تحصیل رینالہ خورد میں آگاہی سیمینار منعقد ہوئے اور تحصیل دیپالپور میں اس دن کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور فائر فائٹرز کےلیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کا فائرفائٹرز کے عالمی دن کے موقع پر کہنا تھا کہ اس دن کو منانے کا مقصد فائر فائٹرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ انکی قربانیوں کو یاد کرنا ہے جو آتشزدگی کے واقعات میں انسانی زندگیوں اور املاک کو بچاتے ہوئے اپنی جانوں کا پرواہ نہیں کرتے۔

یہ دن آتشزدگی کے حادثات کو روکنے اور نقصانات کو کم کرنے کے لیے موثر،جامع اور مشترکہ کاوشوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ میری عوام الناس سے اپیل ہے کہ آئیں محفوظ معاشرے کے قیام کےلیے ریسکیو کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بلڈنگ سیفٹی کے قوانین پر عمل پیرا ہوں اور اپنے علاقے و محلے کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں بنائیں اور ریسکیو سے تربیت حاصل کر کے رجسٹرڈ ہوں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ معاشرے مل سکے۔

Shares: