اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کے ایک اہم مشن کے تحت ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی زیر صدارت منعقدہ تقریب میں صفائی و ستھرائی کے لیے انقلابی اقدامات کا آغاز کیا گیا۔

اس افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، اسسٹنٹ کمشنر احسن ممتاز، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عمر نسیم، کمپنی کے کنٹریکٹرز اور صفائی کے عملے کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کو کمپنی کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان، جدید مشینری اور افرادی قوت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر کمشنر شعیب اقبال سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، جو شہر کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اس منصوبے پر اعتماد اور فراخدلانہ فنڈنگ کو حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسی کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اربوں روپے کے فنڈز اس لیے فراہم کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو صحت مند، صاف اور خوشگوار ماحول میسر آسکے۔

کمپنی کی جانب سے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 7 کمپیکٹرز، 15 ڈمپرز، 80 لوڈر رکشے، 25 ٹرالیاں، 5 ایکسکویٹرز اور ڈرین کلینرز فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، شہر بھر میں صفائی کے کام کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لیے 944 ورکرز، جن میں سپروائزرز اور سینیٹری سٹاف شامل ہیں، اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

کمشنر شعیب اقبال سید نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی کا یہ مشن صرف شہری علاقوں تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ دیہی علاقوں میں بھی ویسٹ مینجمنٹ اور صفائی کے جامع اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے صفائی کے محنتی ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنا صرف ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں ہے، بلکہ اس میں ہر شہری کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہمات بھی چلائی جائیں گی تاکہ صفائی کو ایک اجتماعی ذمہ داری اور معاشرتی شعار بنایا جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے دیگر افسران کے ہمراہ "پلانٹ فار پاکستان” مہم کے تحت پودے لگائے اور ماحول دوست اقدامات کا عملی مظاہرہ کیا۔

Shares: