اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ بلائنڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام یومِ تحفظِ سفید چھڑی کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج اور اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے شرکت کی۔

اس موقع پر نابینا افراد میں سفید چھڑیاں تقسیم کی گئیں۔ ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کے لیے آزادانہ نقل و حرکت، خود اعتمادی اور خود مختاری کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد بھی معاشرے کے مفید، باوقار اور فعال شہری ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ حکومتِ پنجاب نابینا افراد کے لیے تعلیم، روزگار اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ آنکھوں کی روشنی سے محروم افراد حوصلے، ہمت اور عزم کی مثال ہیں، ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا معاشرے کے ہر طبقے کی اخلاقی و سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نابینا افراد کے احترام، شمولیت اور تعاون کے جذبے کو فروغ دے کر ہی ایک باوقار اور متوازن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

Shares: