عمان کے وزیر مذہبی امور پاکستان پہنچ گئے، کونسی کانفرنس میں شریک ہوں گے؟
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سلطنت عمان کے وزیر اوقاف و مذہبی امور شیخ عبداﷲ بن محمد بن عبداﷲ السالمی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق معزز مہمان اور ان کے ہمراہ وفد کا وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور ایڈیشنل سیکرٹری محمد داﺅد باڑیچ نے نور خان ایئر بیس پر استقبال کیا۔
عمان کے وزیر مذہبی امور پاکستان میں اپنے قیام کے دوران صدر مملکت، وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقاتیں کریں گے۔ شیخ عبداﷲ بن محمد وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام ” اسلامو فوبیا کے خلاف مسلم امہ کے تعاون کے فروغ “ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس میں بطورِ مہمانِ شرکت کریں گے۔
عمان کے وزیر مذہبی امور و اوقاف کے دورہ پاکستان سے نہ صرف پاکستان اور عمان کے باہمی تعلقات کو تقویت ملے گی بلکہ دونوں ممالک کی مذہبی امور کی وزارتوں کے درمیان تعلقات بھی مضبوط تر ہوں گے
واضح رہے کہ گزشتہ برس وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عمان میں شیخ عبداللہ سالمی وزیر اوقاف و مذہبی امور عمان سے ملاقات کی تھی جس میں عالم اسلام کو در پیش مسائل خطے کی صورتحال، اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا








