سیالکوٹ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما عمر ڈار کو سیالکوٹ میں احتجاجی ریلی کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ڈار کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سنائی گئی سزا کے خلاف سیالکوٹ میں نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے گرفتار کیا گیاعمر ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر گرفتاری کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جعلی اور جھوٹی سزا کے خلاف آواز اٹھانے پر ان کے بیٹے عمر ڈار کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاری کسی ایک فرد کے خلاف نہیں بلکہ ہر اس آواز کے خلاف ہے جو جعلی فیصلوں، جھوٹے مقدمات اور مسلط کردہ نظام کو چیلنج کرے، جب عدالتوں کے فیصلے کمزور ہوں، دلائل ختم ہو جائیں اور سچ سے خوف پیدا ہو جائے تو پھر ہتھکنڈے، گرفتاریا ں اور دھمکیاں ہی آخری سہارا رہ جاتی ہیں-
ریحانہ ڈار نے کہا کہ ظلم کے خلاف احتجاج کو بغاوت قرار دیا جا رہا ہے لیکن یاد رکھیں کہ کارکنوں کو گرفتار کرنے سے تحریکیں دفن نہیں ہو سکتیں، یہ ظلم جتنا بڑھاؤ گے، اس کے خلاف مزاحمت اتنی ہی مضبوط ہوگی وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے تھے، آج بھی کھڑے ہیں اور ہر قیمت پر کھڑے رہیں گے۔








