بھارتی وزیرخارجہ کی درخواست، پاکستان نے واہگہ بارڈر خصوصی طور پر کھول دیا، 41 پاکستانی بھارت روانہ

پاکستان اور بھارت کے درمیان سخت کشیدگی اور کورونا کے باعث بند واہگہ بارڈر لاہورگزشتہ رات کو بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی درخواست پر پاکستان نے خصوصی طور پر کھول دیا۔ جہاں سے حیدرآباد سندھ سے تعلق رکھنے والے41 پاکستانی ہندو شہری خصوصی ویزے پر رات آٹھ بجے بھارت چلے گئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع اشوک نگر میں واقعہ ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والی روحانی پیشوا خاتون گورو اور شری آنند پور ٹرسٹ کی ٹرسٹی سنتوش بائی المعروف ماتا جی 10 اگست کو 90 سال کی عمر میں چل بسی۔اس کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے پاکستان میں حیدرآباد سندھ میں اس ٹرسٹ کی خصوصی برانچ سے تعلق رکھنے والے 43 افراد کو بھارتی وزیر خارجہ کی ہدایت پر ایک ہی روز میں ویزے جاری کئے گئے۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اس حوالے سے پاکستان سے واہگہ بارڈر خصوصی طور پرکھولنے کے لئے درخواست کی تھی جس کو پورا کرتے ہوئے واہگہ بارڈر گزشتہ رات کو خصوصی طور پر کھولا گیا جہاں سے 41 پاکستانی شہری بھارت روانہ ہو گئے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ امرتسر سے ان پاکستانی شہریوں کو اشوک نگر لے جانے کے لئے بھارتی حکام نے خصوصی طیارے کا انتظام بھی کر رکھا تھا۔ بھارت نے ان پاکستانیوں کو 15 دن کا ویزہ جاری کیا ہے۔

Comments are closed.