ڈی آئی خان : زرعی یونیورسٹی میں ایک روزہ کتاب میلہ منعقد ہوا

ڈیرہ اسماعیل خان،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحمدنوازمغل) زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسما عیل خان میں ایک روزہ کتاب میلے کا انعقادکیا گیا جس میں ملک کے مشہور و معروف پبلشرز، پرنٹرز اور بک سیلرزہزاروں کتابوں کے ساتھ شریک ہوئے زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر شکیب اللہ نے کتاب میلے کا افتتاح کرنے کے بعد سٹالز کادورہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنے گھروں میں ایک کمرہ ،سٹڈی روم و لائبریری یا مسجد کے طور پر مخصوص کرتے ہوئے بچوں میں کتب بینی کا شوق اجاگر کرنے کی راہ ہموار کرنی چاہئے ہمیں کتاب سے محبت کو فروغ دیتے ہوئے اپنے نوجوانوں کی ایسی فصل تیار کرنی ہے جس کا اوڑھنا بچھونا کتب بینی اور کتاب سے گہرے تعلق کے گرد گھومتا ہو،تبھی ہم ایسی نسل پروان چڑھانے کے قابل ہونگے جو تما م شعبہ جات میں اپنے کردار و عمل کی پختگی کی بدولت قائدانہ صلاحیتوں کی حامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سکول کی سطح پر بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت بھی اس طرح کرنا ہوگی کہ اساتذہ صحیح معنوں میں اپنے طلبہ کیلئے تمام حوالوں سے مشعل راہ قرار پائیں۔کتابیں شعور کو پروان چڑھانے کا ذریعہ ہوتی ہیں کتابوں سے ہی معاشرے تبدیل ہوئے اور دنیا نئے امکانات سے روشناس ہوئی۔ان خیالات کااظہار واس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے زرعی یونیورسٹی میں ایک روزہ کتاب میلہ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر رجسٹرار عبدالباسط خان یونیورسٹی کے اساتذہ، افسران اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کتاب میلہ کا باقاعدہ افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے کیا اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا مزید کہنا تھا کہ یورپ میں جب کتابیں عام لوگوں تک پہنچ گئیں تو علمی انقلاب برپا ہوا،نئے سماج تشکیل پائے،نئے قوانین وضع ہوئے اور نئی سیاست اور ریاست چلانے کے نئے معائدے ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ کہا جائے تو غلط نہ ہو گا کہ کتابیں خواندگی صنف، نسل، قومیت کے فرق کو ختم کرکے مذہبی عدم مساوات کو کم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہیں اور انسان کو ایک ذمہ دار شہری بنانے اور معاشرے کیلئے مفید اور کارآمد کردار عطا کرتی ہیں۔چنانچہ کتاب میلے معاشرے کی ذہنی و مادی ترقی کیلئے ضروری ہیں۔

رجسٹرار عبدالباسط خان نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ سمیت تما م یونیورسٹی انتظامیہ بہتری ،ترقی اورخوشحالی کیلئے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کتابیں ہماری تعلیم اور علم میں اضافہ کرتی ہیں۔ ایسی بہت سی کتابیں ہیں جو نہ صرف ہمیں شعور سے آشنا کرتی ہیں بلکہ ہمارے سوچنے اور سمجھنے کی انداز میں بھی تبدیلی لاتی ہیں جوہمارے خیالات اور سوچنے کے انداز کو نئی جہتیں دینے کے سبب بنتی ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر احسان علی کا کہنا تھا کہ ہم آج کے پروگرام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ اور رجسٹرار عبد الباسط کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے یونیورسٹی میں پہلی مرتبہ ایک روزہ کتاب میلہ رکھا انہوں نے مزید کہا کہ کتب میلوں میں بہت سی نایاب اور غیر معروف اور نئی کتابیں بھی آتی ہیں۔ کتاب میلے میں ہم مختلف اسٹالز دیکھ سکتے ہیں جن میں مختلف کیٹیگریز کی کتابیں موجود ہوتی ہیں۔ ہر سٹال میں کتابیں شیلف میں ترتیب سے رکھی جاتی ہیں۔

کتاب میلے کا سب سے پرکشش حصہ یہ ہے کہ کتابیں رعایتی ریٹ میں دستیاب ہوتی ہیں اور لوگ انتظار کی جگہوں پر بیٹھ کر کتابیں خریدنے سے پہلے ان کا مختصر خلاصہ دیکھ سکتے ہیں۔ کتاب میلوں کا دورہ ہمیں کتابیں پڑھنے پر آمادہ کر سکتا ہے۔

گومل یونیورسٹی سے آئے ہوئے پروفیسرز ڈینز و دیگر افسران نے کہا کہ ہم وائس پروفیسر چانسلر ڈاکٹرشکیب اللہ، رجسٹرار زرعی یونیورسٹی عبدالباسط خان سمیت تمام یونیورسٹی انتظامیہ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیں دعوت دی ، دونوں یونیورسٹیوں کی ترقی کیلے دعاگو ہے زرعی یونیورسٹی کی انتظامیہ محدود وسائل کے باوجود محنت کی بدولت آج خیبرپختونخواہ نہیں بلکہ پاکستان بھر سے طلبا و طالبات جوک درجوک داخلہ لے رہے ہیں اور زرعی یونیورسٹی کامیابیوں کی جانب گامزن ہے –

Leave a reply