اوچ شریف:عید قربان،ٹماٹرٹرپل اور پیازڈبل سینچری کے قریب ،لہسن ،ادرک کے درمیان بھی مقابلہ جاری

مقامی و تحصیل انتظامیہ منظر سے غائب، گرانفروشوں کو کھلی چھٹی

اوچ شریف ،باغی ٹی وی ( حبیب خان نامہ نگار)عید قربان،ٹماٹرٹرپل اور پیازڈبل سینچری کے قریب ،لہسن ،ادرک کے درمیان بھی مقابلہ جاری اورسبز مرچ کو پر لگ گئے، مقامی و تحصیل انتظامیہ منظر سے غائب، گرانفروشوں کو کھلی چھٹی، سبزی مافیاء عام آدمی کی کھال اتارنے میں مصروف

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف شہر و گردونواح میں گرانفروشی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، عید سے قبل اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کردیا گیا ہے اس حوالہ سے ضلعی کی پرائس کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی نظر آرہی ہے، عید قریب آتے ہی گھروں میں استعمال ہونے والے خشک مصالحہ جات اور پیاز، ٹماٹر، ادرک، لہسن، سبز مرچ ودیگر اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں جبکہ جیسے جیسے بکرا عید قریب آرہی ہے ویسے ہی قیمتوں میں بھی اضافہ جاری ہے،

مہنگائی سے ستائے شہریوں محمد یاسر، احمد علی، محمد بخش، اللہ وسایا، الٰہی بخش و دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پہلے ہی اتنی ہے کہ ہم پریشان ہیں اور اب گرانفروش مافیاء نے غریب عوام کو عید سے پہلے ذبح کرنا شروع کردیا ہے،ٹماٹر300 روپے فی کلو ،پیاز150 روپے فی کلو لہسن ادرک بھی قوت خرید سےباہر ہوگئے

اسی طرح مختلف اقسام کے مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ عید قربان کے قریب آتے ہی دکانداروں نے خود ساختہ مہنگائی کا طوفان برپا کرکے رکھ دیا ہے، جس کیوجہ سے متوسط اور مزدورطبقے سے تعلق رکھنے والے افراد شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر مہنگائی سے بلبلاتے شہریوں کی آہ و بکا پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور ہر دکاندار کے اپنے اپنے نرخ ہیں کہیں بھی حکومتی رٹ قائم ہوتی نظر نہیں آرہی،شہریوں نے تاجران کی مبینہ خود ساختہ گرانفروشی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلعی و تحصیل انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے.

Leave a reply