سیالکوٹ، باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض)وزیر بلدیات کی آن لائن شہری خدمات مزید موثر بنانے کی ہدایت،وزیراعلیٰ پنجاب دیہات اور شہروں میں بلدیاتی سہولیات کی یکساں فراہمی کی خواہاں ہیں ،دیہی سطح پر رضاکاروں کی مدد کے بغیر مطلوبہ اہداف حاصل کرنا مشکل ہے، ذیشان رفیق
وزیر بلدیات و شہری ترقی پنجاب ذیشان رفیق نے آن لائن شہری خدمات مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برتھ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور نکاح کی رجسٹریشن کی سہولتوں کی گھر بیٹھے فراہمی وقت کی ضرورت ہے۔
لوکل گورنمنٹ بورڈ آفس ساندہ روڈ کے دورے میں ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹس اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کی طرف سے بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف دیہات اور شہروں میں بلدیاتی سہولیات کی یکساں فراہمی کی خواہاں ہیں۔
”ستھرا پنجاب پروگرام“ کے تحت بھی صوبہ بھر میں ہر ممکن طور پر صفائی پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ذیشان رفیق نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سڑکوں اور گلیوں میں صفائی کی صورتحال میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ ’ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی ہمارا نصب العین ہے‘۔
بریفنگ کے دوران خالی اسامیوں کی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے پنجاب بھر میں بلدیاتی اداروں میں خالی اسامیوں پر بھرتی یا پوسٹنگ کی ہدایت کی۔ بعض علاقوں کی یونین کونسلز میں دو سیکرٹری تعینات ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے رولز میں ترمیم کی ہدایت کی۔
انہوں نے زور دیا کہ ہر یو سی سیکرٹری کو دوران سروس دیگر علاقوں میں کچھ عرصہ تعینات کرنا لازمی قرار دینا ہوگا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ دیہی سطح پر رضاکاروں کی مدد کے بغیر مطلوبہ اہداف حاصل کرنا مشکل ہے۔ شہری رضاکاروں کو نہ صرف تربیت دی جائے گی بلکہ تربیتی سرٹیفکیٹ جاری کریں گے۔
زیرالتوا محکمانہ انکوائریاں جلد نبٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام انکوائریاں میرٹ پر نبٹائی جائیں۔ بلدیاتی ملازمین کی انکوائریز میں سفارش کلچر کا خاتمہ کرنے کا وقت آگیا۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ بلدیاتی اصلاحات کا چیلنج پورا کرنے میں آپ سب کا تعاون ضروری ہے۔ اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔