تنگوانی/کشمور (باغی ٹی وی نامہ نگار منصور بلوچ)ضلع کشمور کی حدود تنگوانی، کرمپور اور جمال کے علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے بدنام زمانہ چولیانی اور جعفری گینگز کے خلاف مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، جو مسلسل دو روز تک جاری رہا۔ کارروائی کے دوران پولیس اور رینجرز کی مشترکہ ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی اور ڈرون حملوں کا استعمال کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کو نشانہ بنایا۔

پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران دو بدنام زمانہ ڈاکو عبدالرزاق چولیانی اور فتح چولیانی ہلاک جبکہ جعفری گینگ سے تعلق رکھنے والے غلام جعفری، داڑو جعفری، انیس بنگلانی اور دیگر تین افراد زخمی ہوئے۔ ان گروہوں کے خلاف کارروائی تھانہ جمال اور کرمپور کی حدود میں کی گئی۔

ایس ایس پی کشمور زبیر نظیر احمد شیخ کے مطابق جعفری اور چولیانی گینگ قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری اور دیگر سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ آپریشن کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے تین مورچوں اور ٹھکانوں کو نذر آتش کر کے مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔

دورانِ کارروائی پولیس اور رینجرز کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور کئی مقامات پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، تاہم فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے علاقہ کلیئر کرایا۔

ترجمان کے مطابق ہلاک اور زخمی ڈاکوؤں کی لاشیں اور افراد تاحال پولیس کی حراست میں نہیں آئے، تاہم مشتبہ مقامات کی نگرانی اور تلاشی کا عمل جاری ہے۔

ایس پی انویسٹیگیشن محمد مراد گھانگھرو، سی آئی اے، تمام ایس ایچ اوز، مددگار فائیٹرز، ریپڈ ریسپانس ٹیموں اور رینجرز کی بھاری نفری اس کارروائی میں شریک تھی۔ ترجمان پولیس کے مطابق یہ آپریشن مکمل امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

Shares: