رات گئے سیکورٹی فورسز نے اورکزئی ضلع میں خفیہ اطلاع پر ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کا ہدف بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشتگردوں کا نیٹ ورک تھا۔مقابلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور سیکنڈ ان کمانڈ میجر سمیت 11 جوان شہید ہو گئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ موثر جوابی کارروائی میں انیس بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک کر دیے گئے۔ تاہم، اس دوران پاکستان آرمی کے دو بہادر افسران سمیت دس جوان مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف (عمر 39 سال، ضلع راولپنڈی) ، جو فرنٹ لائن پر قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔میجر طیب راحت (عمر 33 سال، ضلع راولپنڈی) جو اپنے کمانڈر کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ان کے ساتھ جامِ شہادت پانے والوں میں نائب صوبیدار اعظم گل (38 سال، ضلع خیبر)،نائیک عادل حسین (35 سال، ضلع کرم)،نائیک گل امیر (34 سال، ضلع ٹانک)،لانس نائیک شیر خان (31 سال، ضلع مردان)،لانس نائیک طالش فراز (32 سال، ضلع مانسہرہ)،لانس نائیک ارشاد حسین (32 سال، ضلع کرم)،سپاہی طفیل خان (28 سال، ضلع مالاکنڈ)،سپاہی عاقب علی (23 سال، ضلع صوابی)،سپاہی محمد زاہد (24 سال، ضلع ٹانک)شامل ہیں
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کو ختم کیا جا سکے۔پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر افسران اور جوانوں کی یہ عظیم قربانیاں قوم کے عزم و حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں،علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔