ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ)عدالت کا تاریخی فیصلہ، 6 ماہ سے بند پریس کلب ڈی سیل کرنے کا حکم

تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی سول عدالت نے 6 ماہ سے بند پریس کلب کو ڈی سیل کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے میٹروپولیٹین کارپوریشن کے فیصلے کو معطل کر دیا۔ سول جج جہانگیر سلطان شیخ نے یہ فیصلہ صدر پریس کلب شیر افگن بزدار کی درخواست پر دیا۔

شیر افگن بزدار نے عدالت میں دعویٰ دائر کیا تھا جس میں کہا گیا کہ پریس کلب کا رقبہ صوبائی حکومت نے 60 سال قبل باقاعدہ الاٹ کیا تھا، اور اس پر پریس کلب قانونی طور پر قائم ہے۔ انہوں نے دعویٰ میں مزید کہا کہ میٹروپولیٹین کارپوریشن کو اس رقبے کو سیل کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں۔

پریس کلب کے وکیل میاں طارق محمود نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ میٹروپولیٹین کا یہ اقدام غیر قانونی اور غیر آئینی ہے کیونکہ صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر اس طرح کی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔

عدالت نے دونوں فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد میٹروپولیٹین کارپوریشن کے اقدام کو معطل کرتے ہوئے پریس کلب کو فوری طور پر ڈی سیل کرنے کا حکم دیا۔

یہ فیصلہ صحافی برادری کے لیے بڑی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو طویل عرصے سے پریس کلب کی بحالی کے لیے جدوجہد کر رہی تھی۔

Shares: