اوچ شریف: پبلک سکولوں کے پک اینڈ ڈراپ رکشوں کی اوور لوڈنگ، طلباء کی زندگیوں کو شدید خطرات

اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پبلک سکولوں کے پک اینڈ ڈراپ رکشوں کی اوور لوڈنگ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ مقامی سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو روزانہ شدید اوور لوڈڈ رکشوں میں سفر کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، رکشہ ڈرائیور بچوں کو اضافی سیٹوں پر بٹھانے کے ساتھ ساتھ اکثر انہیں رکشوں کی چھتوں اور پائیدانوں پر بھی کھڑا کر دیتے ہیں، جس سے رکشوں میں اوور لوڈنگ کی حالت مزید ابتر ہو جاتی ہے۔ اس بدترین صورتِ حال کے باعث متعدد حادثات ہو چکے ہیں، لیکن مقامی پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

مقامی انتظامیہ اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی عدم توجہی کی وجہ سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو پا رہا۔ شہریوں اور والدین نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اس مسئلے کی طرف توجہ نہ دی گئی تو کسی بڑے حادثے کا امکان بڑھ جائے گا جو طلباء کی جانوں کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس اور مقامی انتظامیہ فوری طور پر اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں اور ملوث رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔ ان کے مطابق، اگر جلد کوئی سنجیدہ کارروائی نہ کی گئی تو اس کے نتیجے میں سنگین حادثات اور نقصانات ہو سکتے ہیں۔

Comments are closed.