اسلام آباد: اوورسیز پاکستان گلوبل فاؤنڈیشن کا تین روزہ کنونشن پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے جا رہا ہے، جس میں دنیا بھر سے اوورسیز پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ اس اہم موقع پر اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے اوورسیز پاکستان گلوبل فاؤنڈیشن کے چیئرمین ظہیر اختر مہر اور ان کی ٹیم کا استقبال کیا۔
کنونشن سے قبل چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "میں چیئرمین ظہیر اختر مہر صاحب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان آ کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ارادہ کیا۔” انہوں نے مزید کہا کہ "اوورسیز پاکستانیوں کا کردار پاکستان کی معیشت اور ترقی میں بے حد اہمیت رکھتا ہے، اور ان کا کام قابلِ تعریف ہے۔”
دریں اثناء، چیئرمین اوورسیز پاکستان گلوبل فاؤنڈیشن ظہیر اختر مہر نے بھی اپنی گفتگو میں کہا: "ہم چیئرمین او پی ایف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس تین روزہ کنونشن کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔” انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی وطن سے محبت اور شہداء کے لیے عزت و احترام کے عزم کو سراہا اور کہا کہ "اوورسیز پاکستانی اپنے وطن کی خدمت اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں، ہم اپنی دھرتی کی پکار پر حاضر ہیں۔”
اوورسیز پاکستان گلوبل فاؤنڈیشن کی جانب سے شہدائے پاکستان کو "ہوم لینڈ ہیرو” کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا گیا، جس کے نتیجے میں دنیا بھر سے اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد اس کنونشن میں شرکت کے لیے پاکستان آئی ہے۔کنونشن میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان کی ترقی، معیشت، اور قومی مسائل کے حل کے حوالے سے متعدد اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے خصوصی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔
اس کنونشن کا مقصد نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے، بلکہ پاکستان کے لیے ان کی خدمات اور وطن سے محبت کو اجاگر کرنا بھی ہے۔ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ متحرک رہتے ہیں اور اس کنونشن کے ذریعے ان کی کوششوں کو مزید تقویت دینے کا ارادہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا واشنگٹن ڈی سی میں فضائی حادثے پر اظہار افسوس
واشنگٹن،طیارہ حادثے سے قبل ایئر ٹریفک کنٹرولر کی گفتگو سامنے آگئی