وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو خیبرپختونخوا کے 9 متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور شمالی پاکستان میں کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) اور اچانک سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی سے شدید غمزدہ ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑے ہیں، حکومت ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے لیے تمام وسائل کو متحرک کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے سے ملاقات میں ہدایت کی ہے کہ سوات، بونیر ، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ ، شانگلہ اور بٹ گرام کے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جائے، باجوڑ اور بٹ گرام پر فوری توجہ دی جائے،پھنسے ہوئے رہائشیوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جارہا ہے، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور سڑکوں کو صاف کرنے اور رابطہ بحال کرنے کے لیے بھاری مشینری تعینات کردی گئی ہے۔

رکنِ قومی اسمبلی اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آفت زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کرنے والے کارکنان ہمارے ہیرو ہیں۔

خاتون اول آصفہ بھٹو نے خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور انسانی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارِ کیا ہےآصفہ بھٹو نے کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارشوں اور سیلاب سے تباہی پر اظہارِ افسوس کیا ہےآصفہ بھٹو نے سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کے لیے تعزیت کا پیغام دیا ہے،آصفہ بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ انتظامیہ ان علاقوں پر ترجیحی طور پر توجہ دے جن کا زمینی راستہ منقطع ہو چکا ہے۔

ادھرپی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ بالائی پنجاب میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے خدشات ہیں،پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون فلڈ کی صورتحال بارے فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مری، راولپنڈی، سیالکوٹ اور بہاولپور میں بارش ریکارڈ کی گئی، آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہےبالائی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے خدشات ہیں۔

ڈی جی پی ڈ ی ایم ا ے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل قدرے زیادہ مضبوط ہے طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔انہوں نے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں،ولنرایبل اضلاع کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ دریائے سندھ میں تربیلا اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے جبکہ کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

انہوں نے کہاکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب، جہلم اور راوی میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے،رودکوہیوں اور بڑے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے تربیلا ڈیم 98 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 68 فیصد تک بھر چکا ہے، بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 70 فیصد تک ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے گزارش کی کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث کوئی جانی و مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔رواں سال 164 شہری جاں بحق، 582 شہری زخمی 216 گھر متاثر اور 121 مویشی ہلاک ہوئے۔

Shares: