وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الحمداللہ، ہم اس قیامت خیز نسل کشی کے آغاز کے بعد سے اب تک کے سب سے قریب ترین مرحلے پر ہیں جہاں جنگ بندی ممکن نظر آ رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت شکرگزاری کا ہے، خاص طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن، مصر اور انڈونیشیا کی قیادتوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر صدر ٹرمپ سے ملاقات میں فلسطینی مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان نے جنگ بندی اور قیامِ امن کے لیے ایک نئی راہ ہموار کی ہے، جسے بند نہیں ہونے دینا چاہیے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان شاءاللہ پاکستان اپنے تمام شراکت داروں اور برادر ممالک کے ساتھ مل کر فلسطین میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔