لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)پاک افغان شاہراہ پر ٹریفک کے انتظامات سے متعلق آل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور انتظامیہ کے مابین اہم مذاکرات کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ آئندہ تمام انتظامات پولیس خود سنبھالے گی۔
آل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین معراج الدین شینواری نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ایسوسی ایشن کے تمام ممبران پاک افغان شاہراہ سے اپنی ذمہ داریاں ختم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بعد نہ کوئی گاڑیوں کو نمبر دے گا اور نہ کوئی رقم وصول کی جائے گی۔ یہ تمام ذمہ داریاں پولیس انتظامیہ کے سپرد ہوں گی۔
ایسوسی ایشن کے رہنماؤں، جن میں آزاد قبائل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین حضرت غلام، طورخم یونین کے صدر عظیم اللہ شینواری، سپریم ٹرانسپورٹ کے جنرل سیکرٹری ظہور آفریدی، اور آل ٹرانسپورٹ یونین کے صدر یوسف آفریدی شامل ہیں، نے کہا کہ ایک سال سے ایسوسی ایشن کی کوششوں سے شاہراہ کو ٹریفک جام سے کلیئر رکھا گیا تھا۔
چیئرمین معراج الدین شینواری نے مزید کہا کہ اگر پولیس ظلم کرے گی تو ہم خاموش نہیں رہیں گے اور ہر طرح کے ظلم کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ آل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ٹرانسپورٹ کی خدمت کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے اور اپنے حقوق کا تحفظ کریں گے۔