آزاد وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ،سربراہ پاک فضائیہ
پاک فضائیہ آزاد وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو
پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان میں 145 ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ، 91 ویں انجینئرنگ اور 101 ویں ائیر ڈیفینس کورسز کی گریجویشن تقریب کا انعقاد
پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان میں آج 145ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ، 91ویں انجینئرنگ اور 101ویں ائیر ڈیفینس کورسز کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مہمانِ خصوصی کی اکیڈمی آمد پر ائیر وائس مارشل قیصر جنجوعہ، ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان نے انکا خیر مقدم کیا۔
تقریب میں 05 رائل سعودی فضائیہ کے کیڈٹس سمیت کل 125 ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے ۔ مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے افسران کو برانچ انسگنیا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ اسکواڈرن انڈر آفیسر نیئر اشفاق جبکہ ائیرڈیفنس اور ائیروناٹیکل انجینئرنگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافیاں بالترتیب ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ ہنزلہ معین خان اور ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ محمد عاقب نے حاصل کیں۔ کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ائیر اسٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ عبدالرحمٰن نے حاصل کی۔ ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر سفیان صدیق نے کالج آف ائیروناٹیکل انجینئرنگ جبکہ ایوی ایشن کیڈٹ اسکواڈرن انڈر آفیسر انس مصطفیٰ نے کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر حاصل کیں۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہو ئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ مجھے افواج پاکستان پر فخر ہے کہ وہ پیشہ ورانہ طور پر انتہائی قابل و تربیت یافتہ ہیں اور اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہمارے بہادر جنگجو ہوابازوں نے ہمیشہ مشکل حالات میں اعلیٰ بہادری کا مظاہرہ کیا اور قائد کے پاک فضائیہ کے متعلق فرمان ” ہمارا کوئی ہمسر نہیں” کی عملی مثال بن کر دکھایا ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک فضائیہ آزاد وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ایئر چیف نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاکستانی ایک امن پسند قوم ہیں اور تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں۔ تاہم امن کی راہ میں ہماری خواہش کو ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیئے۔ میں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن تصفیے کے بغیر خطے میں امن ناگزیر ہے۔ ہم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اقوام عالم کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس سے اپنے خطاب میں سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ یاد رکھئے آج پاک فضائیہ میں بطور افسران آپ کے سفر کا آغاز ہوا ہے۔ آپکی پاک فضائیہ جیسے عظیم ادارے میں تربیت اس بات کی غماز ہونی چاہیے کہ آپ محنت و لگن سے اپنا کام جاری رکھیں گے اور جدید فضائی جنگی حکمت عملی میں پاک فضائیہ کے کردار کو تقویت دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ آپ کو اپنے پیشروؤں کے نقش قدم پر چلنا ہے جنہوں نے ہر قسم کے کٹھن حالات میں پاک فضائیہ کے پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھا۔
تقریب میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کی ائیرو بیٹکس ٹیم ” شیر دل ” نے انتہائی مسحور کن فضائی مظاہرہ پیش کیا۔ اس تقریب میں اعلیٰ فوجی و سول حکام اور گریجو یٹ ہونے والے زیر تربیت افسران کے والدین نے بھی شرکت کی۔