پاک فوج: تحفظ، قربانی اور قومی فخر کی داستان

پاک فوج: تحفظ، قربانی اور قومی فخر کی داستان
تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
پاکستان کی تاریخ میں پاک فوج کا کردار ہمیشہ بے مثال رہا ہے۔ چاہے جنگ ہو، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز، قدرتی آفات یا عالمی امن مشنز، پاک فوج نے ہر موقع پر اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں امن قائم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔

2000 کے بعد کا دور پاکستان کے لیے ایک ہولناک حقیقت تھا۔ دہشت گردی کے حملوں نے ملک کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔ بازار، تعلیمی ادارے، مساجد، اقلیتوں کی عبادت گاہیں اور ہسپتال تک محفوظ نہ تھے۔ خوف و دہشت نے عوام کی زندگی مفلوج کر دی تھی۔ ایسے میں پاک فوج نے خفیہ اداروں کے تعاون سے ایک منفرد حکمت عملی اپنائی۔ انہوں نے شہری علاقوں کو محفوظ رکھنے کی خاطر دہشت گردوں کے خلاف انتہائی مشکل اور پیچیدہ آپریشنز کیے۔ ہر گلی اور ہر محاذ پر ان جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دشمن کو شکست دی۔ یہ ایک ایسی جنگ تھی جہاں دشمن چھپ کر وار کرتا تھا لیکن پاک فوج نے نہ صرف ان دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا بلکہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا۔ انہی قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں امن بحال ہوا۔

قیام پاکستان سے لے کر آج تک پاک فوج نے ہر جنگ میں جرأت اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ 1947 کی جنگِ کشمیر، 1965 کی فتح یا 1999 کی کارگل وار، پاک فوج کے سپاہیوں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر سرحدوں کی حفاظت کی۔ 21ویں صدی کی دہشت گردی کے خلاف جنگ دنیا میں ایک منفرد مثال ہے، جہاں پاک فوج نے نہ صرف دشمن کو شکست دی بلکہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور عوام کی فلاح و بہبود میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

پاک فوج کی قربانیاں صرف جنگوں تک محدود نہیں۔ 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب کے دوران پاک فوج نے متاثرین کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں بے مثال خدمات انجام دیں۔ یہی نہیں عالمی سطح پر اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی فوجیوں نے نمایاں کردار ادا کیا، کئی جوانوں نے اپنی جانیں قربان کر کے امن کے فروغ کے لیے اپنا حصہ ڈالا۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ آج سوشل میڈیا پر کچھ حلقے اپنی فوج کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جو پاک فوج کی قربانیوں کو فراموش کر کے منفی بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہیں یہ سمجھنا ہوگا کہ اگر پاک فوج نہ ہوتی تو آج ملک میں امن و سکون کا خواب بھی ممکن نہ ہوتا۔ یہ ادارہ ہمارا فخر ہے اور اس کے خلاف سازشیں شہدا کے خون کی توہین ہیں۔

یہ وقت ہے کہ ہم اپنی افواج کی قربانیوں کا اعتراف کریں اور ان کے وقار کو بلند کریں۔ ہمیں اپنی فوج کے خلاف منفی بیانیے کا حصہ بننے کے بجائے ان قربانیوں کو سراہنا چاہیے جو وہ دن رات ہمارے تحفظ کے لیے دے رہی ہے۔ پاک فوج کے ہر سپاہی کی قربانی ہماری آزادی اور سکون کی ضمانت ہے۔ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ان کے خلاف ہونے والے ہر پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دیں گے۔

پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں ہمارے لیے امید کی کرن ہیں۔ ان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک محفوظ اور پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔ ہمیں ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا اور ان کا احترام کرنا ہوگا۔ پاک فوج ہماری سرزمین کی محافظ ہے اور اس کا ہر جوان ہمارے وقار اور آزادی کی علامت ہے۔
پاک فوج زندہ باد! پاکستان پائندہ باد!

Comments are closed.