آج صبح تقریباً 10 بجے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب پاک فوج کا ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر ہُدور گاؤں کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ یہ گاؤں تھکداس چھاؤنی سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ہیلی کاپٹر ایک معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اچانک اس میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں وہ کریش لینڈنگ کے دوران تباہ ہو گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر پر سوار تمام عملے کے ارکان جامِ شہادت نوش کر گئے۔ میجر عاطف ، پائلٹ ان کمانڈ، میجر فیصل، معاون پائلٹ، نائب صوبیدار مقبول،فلائٹ انجینئر، حوالدار جہانگیر – کریو چیف، نائیک عامر – کریو چیف شہید ہوگئے، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق تربیتی پروازیں آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہوتی ہیں جن کا مقصد آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنا ہوتا ہے تاکہ نہ صرف عسکری محاذ پر بلکہ قدرتی آفات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے کے لیے بھی ہمہ وقت تیار رہا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان آرمی ہر پہلو میں اپنی تیاری کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔شہداء کی قربانیوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا جاتا ہے۔ ان کی خدمات اور قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

Shares: