پاک فوج نے جہلم کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے ایک بھرپور فضائی ریسکیو آپریشن انجام دے کر 20 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ شدید بارشوں کے بعد درجنوں دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ریسکیو آپریشن کا آغاز اُس وقت ہوا جب دریاؤں اور نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، جس کے نتیجے میں متعدد دیہات مکمل طور پر زیرِ آب آ گئے، خاص طور پر داراپور کے علاقے میں حالات نہایت سنگین ہو گئے تھے۔پاک فوج کے ہیلی کاپٹر مسلسل متاثرہ علاقوں پر پرواز کر رہے ہیں، جہاں نہ صرف لائف جیکٹس تقسیم کی جا رہی ہیں بلکہ فوری طبی امداد، خوراک اور پینے کا پانی بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ افراد نے پاک فوج کے فوری ردِ عمل اور بروقت ریسکیو کی کوششوں کو سراہا ہے۔

فوجی حکام کے مطابق، "ہم زمینی راستے سے متاثرہ علاقوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن سڑکیں زیرِ آب آ چکی ہیں، جس کی وجہ سے فضائی مدد اس وقت سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔”نکہ خلاصپور اور راجاروڈ جیسے قریبی علاقوں میں بھی صورتحال انتہائی خراب ہے،محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیشِ نظر امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ مقامی انتظامیہ اور فوجی اہلکاروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری مدد کے لیے ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں۔

پاکستان آرمی اور ضلعی انتظامیہ صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور باہمی رابطے میں کام کر رہی ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔

انتظامیہ کی جانب سے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ احتیاط برتیں، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، اور تمام سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر ہنگامی اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ پاکستان آرمی اور دیگر متعلقہ ادارے عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پاک فوج کے دستوں کی بارش کے باعث سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع ہو گئی ہیں،پاک فوج کے دستے حالیہ بارشوں کے سبب سیلابی صورتحال سے متاثرہ مختلف علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں،پاک فوج کے جوان ضلع جہلم کے علاقے ڈھوک بھیدر اور دارا پور میں سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے پہنچ گئے ، پاک فوج کے دستے نے سیلاب متاثرین کو دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کیں

Shares: